زرداری، گیلانی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ملتوی

October 28, 2021

احتساب عدالت اسلام آباد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین، سابق صدر آصف علی زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ملتوی کر دی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے نیب ریفرنس پر سماعت کی۔

آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک، نیب پراسیکیوٹر عرفان بولا اور وسیم جاوید عدالت میں پیش ہوئے۔

آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کی جانب سے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں۔

احتساب عدالت نے دونوں ملزمان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں۔

سماعت کے دوران نیب نے آصف زرداری کی توشہ خانہ ریفرنس سے بریت کی درخواست کی مخالفت کر دی۔

دورانِ سماعت فاروق ایچ نائیک نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے سپریم کورٹ جانا ہے، اس لیے عدالت سماعت ملتوی کرے۔

آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی جانب سے آج کی سماعت کے التواء کی درخواست بھی عدالت نے منظور کر لی۔

احتساب عدالت نے سماعت پر مزید کارروائی 18 نومبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اس کیس میں اشتہاری ہیں۔