1ہزار لٹر سے زائد استعمال شدہ خوردنی تیل برآمد کرلیا گیا،فوڈ سیفٹی اتھارٹی

November 25, 2021

پشاور ( وقائع نگار ) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے پھندو روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک یونٹ سے 1ہزار لٹر سے زائد استعمال شدہ خوردنی تیل برآمد کرلیا۔ خوردنی تیل کو شہر میں مختلف بیکریوں اور سویٹس یونٹس کو سپلائی کیا جاتا تھا۔ یونٹ میں استعمال شدہ خوردنی تیل کو پنجاب سے لانے کے بعد فلٹر کیا جاتا تھا۔ کارروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخو فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران مضر صحت استعمال شدہ خوردنی تیل کی دوبارہ مارکیٹ میں فروخت کرنے پر یونٹ سیل کردیا گیا، جبکہ ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی چارسدہ روڈ پر بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا جائزہ لیا گیا، انسپکشن کے دوران مصالحہ جات میں مضر صحت رنگوں کے استعمال پر ایک یونٹ کو سیل کردیا گیا۔ کارروائی میں 200 کلو سے زائد مصالحہ جات کرلئے گئے، جبکہ یونٹ کو سیل کردیا گیا۔