بلوچستان اسمبلی، ہزارگی کو سرکاری ٹی وی پر نمائندگی دینے اور اسکے بجٹ میں اضافے کی قرارداد منظور

November 26, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان اسمبلی نے ہزارگی زبان کو سرکاری ٹی وی میں نمائندگی دینے اور ٹی وی کے بجٹ میں فوری طور پر اضافہ سے متعلق دو قراردادیں متفقہ طور پر منظور کرلیں ، بلوچستان اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو مقررہ وقت سے پونے دو گھنٹے کی تاخیر سے قائم مقام اسپیکر سردار بابر خان موسیٰ خیل کی صدارت میں شروع ہوا ۔اجلاس میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن اسمبلی قادر علی نائل نے اپنی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی نشریاتی ادارے کے ذریعے بلوچستان کی قومی زبانوں جن میں بلوچی ، براہوی اور پشتو کے مختلف نوعیت کے پروگرام نشر کئے جارہے ہیں جو بلوچستان سے مقامی زبانوں کے فروغ اور ترویج کا انتہائی اہم مثبت اور موثر ذریعہ ثابت ہورہا ہے جبکہ بدقسمتی سے بلوچستان میں آباد ہزارہ قوم کی زبان ہزارگی کی قومی نشریاتی ادارے میں نمائندگی نہ ہونے اور سرکاری سرپرستی نہ ہونے کے باعث زبان معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار ہے ، ہزارہ قوم کے آرٹسٹ ، ڈرامہ نگار ، گلوکار ، شعراء ادباء کی تخلیقات اور تخلیقی صلاحتیں صوبائی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر نہیں ہو پارہی ہیں لہذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت ، وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات سے رجوع کرے کہ بلوچستان اور پاکستان میں بسے والی ہزارہ قوم کی زبان ہزارگی کو بھی پی ٹی وی بولان میں نمائندگی دے کر ہزارہ قوم کو اس کے زبان کے ساتھ ساتھ انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں ۔