ہیل باؤنڈ نیٹ فلکس پر مقبولیت میں اسکوئڈ گیم پر بازی لے گیا

November 27, 2021

سیؤل(مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا بھر میں مقبول سنسنی خیز ڈراما سیریز اسکوئڈ گیمز کی مقبولیت بھی اب پیچھے رہ گئی، اور یہ کارنامہ ایک اور کورین ڈرامے ہی نے انجام دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسکوئڈ گیم کو پیچھے چھوڑنے کے بعد ہیل باؤنڈ اب نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ٹی وی شو بن گیا ہے۔ایک طرف اگر اسکوئڈ گیمز میں لوگ بڑی رقم کے لالچ میں ایک کھیل کا حصہ بن کر دھڑا دھڑ قتل ہوتے ہیں، تو دوسری طرف نیٹ فلیکس کی نئی سیریز ہیل باؤنڈ (Hellbound) میں چھوٹے چھوٹے گناہوں کے لیے زمین پر میدان حشر سجا دیا گیا ہے، اور لوگوں کو دہشت ناک طریقے سے ایک کے بعد ایک جہنم واصل کیا جاتا ہے۔17 ستمبر 2021 کو ریلیز ہونے والی اسکوئڈ گیمز کئی ہفتوں سے دنیا بھر میں نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز تھی، مگر اب فینٹسی ہارر سیریز ہیل باؤنڈ کو نیٹ فلیکس پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والی ٹی وی شو کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔یہ اعزاز ہیل باؤنڈ نے 20 نومبر کو حاصل کیا اور ابتدائی 24 گھنٹوں کے اندر 80 سے زیادہ ممالک میں یہ سرفہرست سیریز بن گئی ہے، یہ سیریز فلم ٹرین ٹو بوسان کے ہدایت کار یونگ سان ہو نے تیار کی ہے۔پاکستان میں یہ سیریز نیٹ فلیکس کے صارفین میں چوتھے نمبر پر رہی، جب کہ مسلسل 10 ویں ہفتے اسکوئڈ گیم کے حصے میں نمبرون پوزیشن آئی، تاہم آنے والے ہفتوں میں یہ اسکوئڈ گیم جتنی مقبول ہوتی ہے یہ ابھی کہنا مشکل ہے۔