پیٹ کمنز 65 برس بعد آسٹریلین ٹیسٹ ٹیم کے پہلے فاسٹ بولر کپتان

November 27, 2021

سڈنی (جنگ نیوز) فاسٹ بولر پیٹ کمنز کوآسٹریلیا ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیاگیا ہے۔ اسٹیو اسمتھ ان کے نائب کپتان ہوں گے۔ نازیبا مسیجز اسکینڈل سامنے آنے پر کپتانی سے ہاتھ دھونے والے ٹم پین نے ذہنی طورپر پرسکون ہونے کے لیے غیر معینہ مدت کے لیے کرکٹ سے دوری اختیار کرلی ہے۔ وہ ایشز سیریز کیلئے کینگروز کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ پیٹ کمنز 65 سال کے عرصے میں آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے پہلے کپتان ہیں جو فاسٹ بولر ہیں۔ اس سے قبل رے لنڈوال نے 1956 میں ایک ٹیسٹ میں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی تھی۔ پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ ٹم پین نے بطور لیڈر جس طرح ٹیم کو کامیابی کی راہ پر گامزن کیا ہے، میری بھی کوشش ہوگی کہ فتوحات کے اس تسلسل کا قائم رکھ کر ملک کا نام کھیل میں مزید اونچا کریں۔ واضح رہے کہ روایتی ایشز سیریز کا آغازآٹھ دسمبر سے ہورہا ہے۔