چٹاگانگ ٹیسٹ، پاکستان کا بھرپور وار، بغیر کسی نقصان کے 145رنز

November 28, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فاسٹ بولر حسن علی نے پانچ وکٹیں حاصل کرکے چٹاگانگ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بنگلہ دیش کو330رنز تک محدود رکھا۔دس میں 9وکٹ پاکستانی فاسٹ بولروں نے حاصل کیں۔جواب میں پاکستانی اوپنرز عابد علی اور پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے شاندار بیٹنگ کی۔پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن ہفتے کو کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے145رنز بنائے تھے۔بنگلہ دیش کے اسکور کو برابر کرنے کے لئے پاکستان کو مزید185رنز کی ضرورت ہے۔34سالہ عابد علی چوتھی ٹیسٹ کی جانب پیش قدمی کررہے ہیں جبکہ عبداللہ شفیق نے اپنے ناقدید ین کو غلط ثابت کرتے ہوئے52ناقابل شکست رنز بنائے ہیں۔عابد علی180گیندوں پر93رنز بناکر کھیل رہے ہیں انہوں نے9چوکے اور دو چھکے مارے ہیں۔عبداللہ شفیق کو ایک موقع ملا جب وہ ایل بی ڈبلیو تھے لیکن مومن الحق نے ریویو لینے سے گریز کیا۔ٹی وی ری پلے کے مطابق وہ ایل بی ڈبلیو تھے۔عبداللہ نےسست روی سے بیٹنگ کرتے ہوئے 162گیندیں کھیلی ان کی اننگز میں دو چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیش نے4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز سے کھیل کا آغاز کیا تو شروع میں ہی سنچری بنانے والے لٹن داس 114 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔ جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔لٹن داس کے ساتھ 206 رنز کی شاندار شراکت قائم کرنے والے مشفیق الرحیم سنچری بنانے میں ناکام رہے اور 91 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آوٹ ہوئے۔مہدی حسن نے جارحانہ بیٹنگ کی ۔ مہدی حسن 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ یاسر علی 4، تیج الاسلام 11، ابو جید 8 اور عبادت حسین صفر رنز پر آؤٹ ہوئے۔