وزیر اعظم کراچی میں ٹرانسپورٹ کا افتتاح کرنے آرہے ہیں، اسد عمر

November 28, 2021

وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ دو ہفتوں میں وزیراعظم کراچی میں ٹرانسپورٹ نظام کا افتتاح کریں گے، شہر میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ ہماری حکومت حل کرے گی۔

کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ مردم شماری ہمیشہ سے کراچی کا مسئلہ رہا ہے، کراچی میں شفاف مردم شماری کروائی جائے گی۔

اسد عمر نے کہا کہ وفاق کی معاونت سے کراچی کی ترقی کا سفر شروع ہوچکا ہے، گرین لائن بس منصوبے پر 10 سے 12 دن کا کام رہ گیا ہے، وزیراعظم کراچی کے شہریوں کا ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے آرہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شکایت آئی تھی کہ کراچی کے لوگوں کو نوکریاں نہیں مل رہیں، آئندہ سال دسمبر تک نئی مردم شماری مکمل کرلی جائے گی، وزیر اعظم نے کہا کہ ہر پانچ سال میں مردم شماری ہونی چاہیے۔

اسد عمر نے کہا کہ انصاف کے ساتھ کراچی کی مردم شماری کروائی جائے گی، سندھ میں مقامی حکومت کا نظام عوام کو بااختیار نہیں کرتا، تحریک انصاف نے اس نظام کے لیے پٹیشن داخل کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد میں صحت تعلیم کا نظام میئر چلائے گا، ٹرانسپورٹ سیاحت کا نظام، فراہمی و نکاس آب کا نظام میئر کے نیچے ہوگا۔