امیدیں ختم،پاکستان کو ارجنٹائن سےجونیئر ہاکی ورلڈکپ میں شکست

November 29, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بھارت میں کھیلے جانے والے جونیئر ورلڈ کپ ہاکی میں پاکستان گروپ میں ارجنٹائن کے خلاف شکست کے بعد وکٹری اسٹینڈ سے باہر ہوگیا۔پاکستان پیر کو 9سے16ویں پوزیشن کے لئے امریکا سے مقابلہ کرے گا،اتوار کو اپنے گروپ کے آخری میچ میں اسے ارجنٹائن کے ہاتھوں سخت مقابلے کے بعد 4-3سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کو پہلے میچ میں جرمنی سے شکست ہوئی تھی دوسرے میچ میں اس نے مصر کو ہرایا تھا، ارجنٹائن کے خلاف پاکستانی کھلاڑیوں کی کار کردگی اچھی رہی تاہم اس نے گول کے تین یقینی مواقع ضائع کئے۔ پاکستان8 سال بعد جونیئر ورلڈ کپ میں حصہ لے رہا ہے۔ اتوار کو ارجنٹائن ٹیم کی جانب سے پراعتماد کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بتیستا نے کھیل کے 10ویں منٹ میں فیلڈ گول ا سکور کیا۔ پاکستان کی جانب سے17ویں منٹ میں کپتان رانا عبدالوحید نے پینلٹی کارنر پر اپنے ساتھی کھلاڑی رضوان علی کے خوبصورت پاس پر گول کرکے اس برتری کا خاتمہ کردیا۔ ارجنٹائن کی جانب سے کھیل کے 20ویں منٹ میں کھلاڑی لگناسیو نے فیلڈ گول بنا کر ارجنٹائن کو پھر برتری دلائی۔کھیل کے 28ویں منٹ میں پاکستان کو ارجنٹائن کے خلاف پنالٹی اسٹروک ملا،جس پر رضوان علی گول بنا کر پاکستان کو ایک گول کے خسارے سے نکالا ، اس کے بعد ارجنٹائن کے فرانسسکولگناسیو نے گول کرکے اس برتری کو مستحکم بنا دیا۔53ویں منٹ میں عقیل احمد نے پنالٹی کارنر پرپاکستان کیلئے تیسرا گول اسکور کردیا تاہم حریف ٹیم کی برتری قائم رہی اور میچ 4-3 سے پر ختم ہوا۔دریں اثنا اتوار کو جرمنی نے مصر کو 11-0، اسپین نے کوریا کو 9-0 اورہالینڈ نے امریکا کو14۔ 0سے ہرایا۔ گروپ میچوں کے اختتام پر ہالینڈ، جرمنی، اسپین، بھارت، ارجنٹائن، فرانس، بیلجیم اور ملائیشیا نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔