ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ میں اہم اجلاس

November 29, 2021

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچز کے حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز نے کی۔

ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز امیر شیخ، ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد، کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی، ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی، ایس ایس پی ساؤتھ زبیر، آرمی، رینجرز اور پی سی بی کے حکام اور تمام اسٹیک ہولڈرز نے اجلاس میں شرکت کی۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی مقصود احمد نے میچز کے دوران کئے جانے والے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی ڈویژن کے اہلکار بشمول ایس ایس یو کمانڈوز اور لیڈی کمانڈوز دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے ساتھ نیشنل اسٹیڈیم کراچی، کراچی ایئرپورٹ، شاہراہوں، ہوٹلز اور دیگر مقامات پر سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے جب کہ حساس مقامات پر شارپ شوٹرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔

شرکاء نے دورہ کرنے والی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور میچز کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا۔