بانی متحدہ کی صحت کی بنیاد پر دہشت گردی مقدمہ ختم کرنے کی درخواست مسترد

November 30, 2021


برطانوی عدالت نے بانی متحدہ کی صحت کی بنیاد پر دہشت گردی مقدمہ ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

بانی متحدہ نے صحت کی بنیاد پر دہشت گردی کا مقدمہ ختم کرنے کے لیے کراؤن پراسیکیوشن سروس (سی پی ایس) میں درخواست دی تھی، جو مسترد کردی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بانی متحدہ کے خلاف 2016ء کی تقریر پر مقدمے کی کارروائی جنوری 2022ء سے شروع ہوگی۔

بانی متحدہ نے ایک ماہ پہلے سی پی ایس میں مقدمہ ختم کرنے کی درخواست دی تھی، عدالت نےاُن کے اپنی صحت سے متعلق دعوے کو مسترد کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سی پی ایس نے بانی متحدہ کی درخواست مسترد کرنے کی وجہ نہیں بتائی ہے، اُن پر مقدمہ 31 جنوری سے شروع ہوگا اور 3 ہفتوں تک چلنے کا امکان ہے۔

درخواست میں بانی متحدہ نے موقف اختیار کیا کہ وہ مقدمے کا سامنا کرنے کےلیے ذہنی اور جسمانی طور پر فٹ نہیں ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر میں نے انتہائی مشکل وقت گزرا ہے، اس لیے مقدمہ خارج کیا جائے۔