گورنمنٹ ایمپلائز سے وعدے کے مطابق عملدرآمد ہوگا‘ علی محمد خان

December 01, 2021

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس سے وعدے کے مطابق عمل درآمد ہو گا۔ منگل کو آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے زیراہتمام وفاق کی تنظیموں کا پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کے اختتام سے قبل انہوں نے وفد کو یقین دہانی کروائی اور وزارت خزانہ کی جانب سے وزیراعظم کو پیش کردہ سمری کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم کے نوٹس میں آ چکا ہے، وعدے کے مطابق مطالبات پر ہر صورت عملدر آمد ہوگا۔ اس موقع پر چیف کوآرڈنیٹر رحمان باجوہ نے کہا کہ آج کا احتجاج پاکستان کے تمام صوبوں میں کیا گیا ہے اور اگر مطالبات پورے نہیں ہوئے تو 10فروری کو بھرپور تیاری کیساتھ پاکستان بھر سے ملازمین اسلام آباد پہنچیں گے۔ منگل کو وفاقی ملازمین احتجاجی ریلی کی شکل میں ہزاروں کی تعداد میں پارلیمنٹ کے گیٹ کے سامنے پہنچنے میں کامیاب ہوئے اور وہاں پر شام تک دھرنا دیا۔