صدرعلوی نے صحافیوں کے تحفظ کے بل پر دستخط کردیئے

December 02, 2021

اسلام آباد( نماہدہ جنگ )صدر مملکت عارف علوی نے پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنل ایکٹ2021پر دستخط کردیئے، اس قانون سے ورکنگ جرنلسٹس کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے ۔ ایوان صدر اسلام آباد میں پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈمیڈیا پروفیشنل ایکٹ2021پردستخط کی تقریب ہوئی ، صدرمملکت عارف علوی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری وزیر حقوق انسانی شیریں مزاری ،وزیر مملکت فرخ حبیب اور معاون خصوصی شہباز گل تقریب میں شریک ہوئے ، اس موقع پر خطاب میں عارف علوی نے کہا آج تاریخی قانون پر دستخط کئےگئے ہیں ، صحافی ہمیشہ دباؤ میں کام کرتے رہے ہیں، جعلی خبروں کی ذریعے معاشرے میں افراتفری پھیلائی جاتی ہے ، افغانستان کوجھوٹی خبروں نے برباد کردیا، پاکستان پر بھارت کی فیک نیوزکی یلغار ہے ، فیک نیوز نے بڑے مسائل پیدا کر دیئے ہیں جس سے انتشار اور افراتفری پیدا ہو رہی ہے ،سیاق و سباق سے ہٹ کر بات نہیں ہونی چاہیے، سینیٹر فیصل جاوید نے پروٹیکشن آف جرنلسٹس بل 2021 منظورہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا آج کا دن پاکستان میں میڈیا آزادی کےلیےبڑی کامیابی ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2021 کے تحت پہلی مرتبہ پاکستان میں ورکنگ جرنلسٹس کو وہ حقوق فراہم کئے گئے ہیں جو فرسٹ ورلڈ کے صحافیوں کو دستیاب ہیں موجودہ عہد حکومت میں پارلیمان سے منظور کردہ کسی بل پر صدراتی دستخط کے سلسلے کی پہلی تقریب تھی۔