یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے یورپ اور انڈیا کے درمیان آئندہ ہفتے ہونے والے مجوزہ آزادانہ تجارتی معاہدے کو تمام تجارتی معاہدوں کی ماں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ اس صدی کے معاشی پاور ہاؤسز کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ میں ہندوستان کا سفر کروں گی لیکن ابھی کچھ کام کرنا باقی ہے۔ لیکن ہم ایک تاریخی تجارتی معاہدے کے کنارے پر ہیں۔ کچھ لوگ اسے تمام سودوں کی ماں کہتے ہیں جو کہ 2 بلین لوگوں کی مارکیٹ بنائے گی جو عالمی جی ڈی پی کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ بنتی ہے۔
انہوں نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یورپ آج کے ترقی کے مراکز اور اس صدی کے معاشی پاور ہاؤسز کے ساتھ کاروبار کرنا چاہتا ہے۔ لاطینی امریکا سے لے کر انڈو پیسیفک تک اور اس سے بھی آگے۔ یورپ ہمیشہ دنیا کا انتخاب کرے گا اور دنیا یورپ کو منتخب کرنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ یورپین کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا، یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین اور یورپین خارجہ امور کی سربراہ کایا کالس دیگر اعلیٰ یورپین حکام کے ہمراہ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی پہنچیں گے جہاں وہ پیر کے روز منعقد ہونے والی انڈیا کی ریپبلک ڈے تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ دیگر تقریبات کے علاوہ 27 جنوری کو دونوں فریق ایک آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کریں گے۔