کنگنا رناوت پر ہجوم کا حملہ، خاتون نے کہا ’جب بولنا سوچ کر بولنا‘

December 03, 2021

بالی ووڈ کی کوئن کنگنا رناوت کی گاڑی کو بھارتی پنجاب میں ہجوم نے گھیرلیا اور ایک خاتون انہیں بولنے سے پہلے سوچنے کا مشورہ دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹکے مطابق کنگنا رناوت جنہوں نے حال ہی میں کسانوں سے متعلق 3 قوانین کی منسوخی پر اعتراض کیا تھا، انہوں نے اپنی گاڑی پر پنجاب میں کسانوں کے ہجوم کے حملے کا الزام لگایا ہے۔

بالی ووڈ کی کوئن نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو اسٹوری شیئر کی ہے، جس کے مطابق پنجاب میں متعدد مظاہرین پر مشتمل ہجوم نے اُن کی کار کو گھیر لیا۔

ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں کنگنا رناوت نے بتایا کہ ’جیسے ہی میں پنجاب میں داخل ہوئی، ایک ہجوم نے میری گاڑی پر حملہ کردیا، وہ کہہ رہے تھے ہم کسان ہیں۔

ویڈیو کلپ میں ہجوم کو مردہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے تاہم اس کا باقی حصہ ناقابل فہم ہے۔

ایک اور ویڈیو میں کنگنا رناوت نے بتایا کہ وہ جمعہ کو ہماچل پردیش سے پنجاب پہنچی تو ایک ہجوم نے انہیں گھیر لیا، جو خود کو کسان کہہ رہے تھے، انہوں نے مجھ پر حملہ کیا، مجھے گندی گالیاں دیں اور جان سے مار دینے کی دھمکی بھی دی، اس ملک میں سرعام ہجوم حملہ آور ہورہے ہیں۔

انہوں نے اس صورتحال کو ناقابل یقین قرار دیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ اگر ان کے پاس سیکیورٹی نہ ہوتی تو کیسا ہوتا؟

بالی ووڈ کی کوئن نے اس پر مزید کہا کہ اتنی ساری پولیس میں بھی میری گاڑی کو نکلنے نہیں دیا جارہا تھا، میں پوچھتی ہوں کیا میں سیاستدان ہوں؟ یا کوئی پارٹی چلاتی ہوں؟ یہ ناقابل یقین ہے۔

انہوں نے دعویٰ کے ساتھ یہ بھی کہا کہ لوگ سیاسی وجوہات کے باعث اُن کا نام استعمال کررہے ہیں، اگر پولیس نہ ہوتی تو ہجوم مجھ پر حملہ آور ہوجاتا، ایسے کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

ایک اور ویڈیو میں کنگنا رناوت کو مظاہرین سے ہاتھ ملاتے دکھایا گیا ہے، جس میں وہ انہیں بتاتی ہیں کہ اُنہوں نے پنجاب سے تعلیم حاصل کی، اسی دوران ایک خاتون نے اداکارہ سے کہا کہ جب بھی بولنا سوچ کر بولنا، اس پر اداکارہ نے خاتون کو پنجابی میں جواب دیا کہ میں نے آپ کے بارے میں کچھ نہیں کہا، میں نے تو شاہین باغ میں احتجاج کرنے والوں کی بات کی۔

کنگنا رناوت نے ایک اپ ڈیٹ میں اپنے خیر خواہوں کو اپنے مکمل طور پر محفوظ ہونے اور پیچیدہ صورتحال سے کامیاب واپس آنے کی خبر سنائی اور ساتھ ہی پنجاب پولیس اور سی آر پی ایف کے جوانوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اس کے بعد کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر کہا کہ میں نے کسی سے معافی نہیں مانگی، نہ مجھ سے کسی نے معافی مانگنے کا کہا اور میں کبھی بھی معافی نہیں مانگوں گی، میں کس چیز کی معافی مانگوں؟

انہوں نے استفسار کیا کہ کیا پنجاب کے عوام کی محبت اور فکر لیے؟ معافی مانگوں، نہیں میں ایسا نہیں کروں گی، ہجوم کے دوران خاتون سے میری بات چیت کی کہانی میں میری ویڈیو پر ہے، اس حوالے سے افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔

بالی ووڈ کوئن نے مزید لکھا کہ میں نے ہمیشہ کسانوں کی حمایت کی، یہی وجہ ہے کہ میں ہر بار کسان بل کے دوران اُن کے حق کی بات کی، میں ایسا کرتا رہی گی۔

یاد رہے کہ کنگنا رناوت گزشتہ ایک سال سے کسانوں کے احتجاج پر تنقید کر رہی ہیں، انہوں نے ایک پوسٹ میں یہاں تک کہا کہ جب قوم کا ضمیر گہری نیند میں ہو تو آمریت ضرورت بن جاتی ہے۔

کنگنا رناوت خالصتانی دہشت گردوں کے عنوان سے اپنے تبصرے پر بھی خبروں میں رہی ہیں، جسے بہت سے سکھ رہنماؤں نے اُن پر حملہ قرار دیا، سابق وزیراعظم اندرا گاندھی نے انہیں اپنی جان کی قیمت پر مچھر کی طرح کچل دیا۔

اس ہفتے کے آغاز میں سپریم کورٹ میں وکیل چرنجیت سنگھ چندرپال نے اپیل دائر کی ہے، جس میں امن عامہ کے لیے کنگنا رناوت کی سوشل میڈیا پوسٹوں کی سینسر شپ کا مطالبہ کیا ہے۔

اس معاملے پر کنگنا رناوت نے ایک نیوز رپورٹ ’ملک کی سب سے طاقت ور خاتون‘ کے عنوان سے انسٹاگرام پر شیئر کی اور ساتھ تاج کا ایموجی بھی لگایا۔