حکومت مہنگائی کو کنٹرول اور عوام کو ریلیف دے‘ مولانا عبدالصمد

December 04, 2021

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنماسابق صوبائی وزیر مولانا عبدالصمد اخوندزادہ نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرکے عوام کو ریلیف دے،عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتیں کم ہوئیںجس کا فائدہ حکومت نے عوام کو نہیں پہنچایا جوقابل افسوس ہے۔حکومت پٹرول کو سستا کرکے عوام کو ریلیف دے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی وجہ سے روزمرہ کی اشیاء عوام کی دسترس سے باہر ہوگئیں،بے لگام مہنگائی اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،آئے روز اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے ،حکومت ایک طرف پٹرول کی قیمتوں میں ہر مہینے اضافہ کرتی ہے تو دوسری طرف روزمرہ کی اشیاء میں آئے روز اضافے نے عوام کی مشکلات بڑھادیں۔وفاقی حکومت خوردنی اشیاء کو جلد سستا کرکے عوام کو ریلیف دے ۔انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری اور سیاسی لوگ ہیں ،مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو مشکلات سے نکالنے کے لئے بھرپور کردار ادا کریںگے ،عوام کی مشکلات کا احساس ہے عوام کے مسائل کے حل کے لئے میدان میں نکلے ہیں ،عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے ہرفورم پر آواز بلندکی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ غریب اور نادار افراد کی مددکرنا ہماری سیاست کا محور ہے ،ملک اور صوبے میں مہنگائی کے خاتمے اور امن وامان کے قیام کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔