پریانتھا کمارا کی فیملی سے سری لنکن وزراء کی ملاقات، انصاف کی یقین دہانی

December 04, 2021

فوٹو بشکریہ جمیلہ حسین / ٹوئٹر

پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں تشدد سے ہلاک ہونے والے فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کے سری لنکا میں موجود گھر پر لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد پریانتھا کمارا کی فیملی سے تعزیت کررہے ہیں۔

پریانتھا کمارا گھر پر سری لنکا کے وزراء کی آمد ہوئی اور انہوں نے منیجر کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا۔

سری لنکن ٹورازم کے وزیر پرسنّا راناٹنگا اور کھیلوں کے وزیر نمل راجا پکسے نے پریانتھا کمارا کے گھر والوں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزراء نے ان کی فیملی کو یقین دہانی کروائی کہ حکومت پریانتھا کمارا کی فیملی کو انصاف دلوانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن صدر گوتابایا راجا پاکسے کو ٹیلی فون کیا ہے، عمران خان نے سری لنکن صدر کو سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے قتل پر پاکستانی قوم کے غم و غصے سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے سری لنکن صدر کو بتایا کہ اب تک واقعے میں ملوث 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

عمران خان نے یقین دہانی کروائی کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

اس سے قبل سری لنکن وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انتہا پسند ہجوم کا پریانتھا کمارا پر بہیمانہ تشدد دیکھ کر شدید صدمہ ہوا۔

اُنہوں نے کہا کہ میرا دل پریانتھا کے اہلخانہ کے لیے بہت دُکھی ہے، اُمید ہے وزیراعظم عمران خان ملوث تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا وعدہ پورا کریں گے۔