لاپتا شہریوں کی عدم بازیابی پر عدالت کا سخت اظہار برہمی

December 05, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے لاپتا شہریوں کی عدم بایابی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے آئی ٹیز اور ٹاسک فورس کے اجلاسوں کا کیا فائدہ؟ جب کوئی نتیجہ ہی نہیں نکلتا تو پھر اتنے سارے فورمز کیوں بنائے گئے ہیں؟ کچھ بھی کرو لاپتا افراد واپس لاؤ لاپتا افراد کے اہلخانہ بہت پریشان ہیں۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ درخواست گزار نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا تھا کہ شہری ندیم کو ڈی ایس آر منظور پہنور نے حراست میں لیا تھا تاہم ڈی جی رینجرز نے جواب میں بتایا منظور پہنور نامی کوئی ڈی ایس آر ہے ہی نہیں۔۔ دو رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس نعمت اللہ نے لاپتا افرادکی بازیابی کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ میں آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اور دیگر ادارے پیش رفت پر مبنی اپنی اپنی رپورٹس جمع کرائیں۔