ڈھاکا ٹیسٹ، پاکستان کےدو وکٹ پر 161رنز، میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

December 05, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈھاکا میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان خراب روشنی کی وجہ سے صرف57اوورز کا کھیل ہوسکا۔اتوار سے مزید تین دن بارش کی پیش گوئی ہے اور میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں پہلے دن پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےدو وکٹ پر161 رنز بنائے ہیں۔ہفتے کو پہلے دن کھیل ختم ہونے پرکپتان بابر اعظم 60اوراظہر علی36رنز پر کھیل رہے تھے دونوں نے تیسرے وکٹ کی شراکت میں32 اوورز میں91 رنز کا اضافہ کیا ہے۔بابر اعظم جو پہلے ٹیسٹ میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تھے انہوں99گیندیں کھیلیں ان کی اننگز میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔بابر اعظم نے اعتماد سے میزبان اسپنرز کا مقابلہ کیا۔اظہر علی ابتدا میں اسپنر کے خلاف مشکل میں دکھائی دیئے لیکن سیٹ ہوکر انہوں نے اچھی بیٹنگ کی۔اظہر علی نے112گیندیں کھیلیں اور چار چوکے مارے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 59رنز پر گری جب عبداللہ شفیق 25رنز بنا کر تیج السلام کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔