سیالکوٹ واقعہ: ملک عدنان آج وزیر اعظم ہاؤس میں قیام کریں گے

December 06, 2021


پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے شہر سیالکوٹ کی فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کرنے والے فیکٹری ورکر ملک عدنان آج رات وزیراعظم ہاؤس میں بطور مہمان خاص قیام کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل کا کہنا ہے کہ ملک عدنان جنہوں نے سیالکوٹ واقعے میں بے مثال بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا، وہ آج رات وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم کے خاص مہمان کے طور پر قیام کر رہے ہیں۔

شہباز گِل کا کہنا ہے کہ کل وزیراعظم آفس میں ایک خصوصی تقریب میں ان کی خدمات کو سراہا جائے گا، وزیراعظم نے پہلے ہی انہیں تمغہ شجاعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ملک عدنان ہمارا فخر ہیں اور پوری قوم کو ان پر ناز ہے۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ میں پریانتھا کمارا کو بچانےکے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالنے والے فیکٹری کے پروڈکشن منیجر ملک عدنان نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ وہ پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم سے بچاسکیں تاہم وہ ہجوم کی درندگی کو روکنے میں ناکام رہے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ملک عدنان جان ہتھیلی پر رکھ کر پریانتھا کمارا کو بچانےکی کوشش کررہے ہیں۔

ہجوم کے تشدد کے وقت ملک عدنان پریانتھا پر ڈھال بنے رہے اور لوگوں سے خود مار کھاتے رہے اور اسے بچانےکی کوشش کر تے رہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ پنجاب حکومت نے بھی ملک عدنان کو انسانی حقوق کا ایوارڈ دینےکا اعلان کیا ہے۔