اولاف شولز جرمن چانسلر منتخب، عہدے کا حلف اٹھالیا

December 08, 2021

سوشل ڈیموکریٹ جرمن رہنما اولاف شولز نے جرمنی کے نویں چانسلر کے طور پر حلف اٹھالیا ہے۔

چانسلر اولاف شولز کے زمام حکومت سنبھالتے ہی انجیلا مرکل کے 16 سالہ اقتدار کا خاتمہ ہوگیا۔

ایوان چانسلر کے مطابق جرمنی کے نئے چانسلر پہلے سرکاری دورے پر جمعہ کو پیرس اور برسلز جائیں گے جہاں وہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکروں اور یورپین کمیشن کی سربراہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

اس سے قبل جرمن پارلیمنٹ نے اولاف شولز کو جرمن چانسلر منتخب کیا۔

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے اولاف شولز نے 707 ووٹوں میں سے 395 ووٹ حاصل کیے۔

ان کے انتخاب پر یورپین کمیشن کی سربراہ نے اولاف شولز کیساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

روسی صدر پیوٹن کا کہنا ہے کہ نئےجرمن رہنما شولز کیساتھ تعمیری تعلقات چاہتے ہیں۔

جبکہ فرانسیسی صدر نے نومنتخب جرمن چانسلر اولاف شولز کے نام پیغام میں کہا ہے کہ مل کر نیا باب تحریر کریں گے۔