شوگر کے انسولین سے علاج کا پہلا کامیاب تجربہ کب کیا گیا تھا؟

January 12, 2022

فائل فوٹو

شوگر کے مریضوں میں شوگر کی مقدار کو کنٹرول کرنے کے لیے انسولین کا استعمال کیا جاتا ہے، یہ بات تو سب ہی جانتے ہوں گے لیکن یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کے شوگر کے انسولین سے علاج کا پہلا کامیاب تجربہ کب کیا گیا تھا۔

آج شوگر کے انسولین سے علاج کا پہلا کامیاب تجربہ کیے پورے 100 سال مکمل ہوگئے ہیں۔

شوگر کے انسولین سے علاج کا پہلا کامیاب تجربہ 11جنوری 1922 میں کیا گیا تھا۔

ملکہ برطانیہ نے شاہی خاندان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شوگر کے انسولین سے علاج کے پہلے کامیاب تجربے کو 100 سال مکمل ہونے پر ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

ملکہ کی جانب سے سوشل میڈیا پرخصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ’انسولین کے پہلے کامیاب علاج کو 100 بر س مکمل ہوگئے ہیں‘۔

انسولین کے پہلے انجیکشن کے بارے میں بتاتے ہوئے مزید لکھا گیا کہ’ لیونارڈ تھامسن، ایک 14 سالہ لڑکا جو ذیابیطس کی ٹائپ 1 سے مر رہا تھا، 11 جنوری 1922 کو زندگی بچانے والا انسولین کا انجکشن حاصل کرنے والا دنیا کا پہلا شخص تھا‘۔

جبکہ اس حوالے سے ملکہ برطانیہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ’یہ سنگ میل اُس پیش رفت کا جشن منانے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے جو کہ دنیا بھر میں ذیابیطس کے شکار لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنا رہا ہے‘۔

ملکہ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ’وہ سائنسدانوں، طبی اور تحقیقی برادریوں کی مسلسل محنت اور لگن کا شکریہ ادا کرتی ہیں، جو اس حالت کے بارے میں اپنی سمجھ کو مزید آگے بڑھانے کے لیے انتھک محنت کررہے ہیں‘۔

ملکہ نے مزید کہا کہ ’ تاج برطانیہ میں ذیابیطس سرپرست کے طور پر، وہ تمام عملے اور رضاکاروں کو اپنا سلام بھیجتی ہیں، اور امید کرتی ہیں کہ ابھی تک ہونے والی دریافتیں آپ کو ایسی دنیا کے وژن کے حصول کے اور قریب لائیں گی جہاں ذیابیطس کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتی ہو‘۔

ملکہ برطانیہ کا یہ خصوصی پیغام شاہی خاندان کے آفیشل انسٹاگرام اور ٹوئٹر ہینڈلز پر شیئر کیا گیاہے۔