بھارت میں مقامی حکومت کے امیدوار کو صرف اپنا ووٹ ملا، گھر والوں نے بھی مسترد کردیا

January 12, 2022

بھارتی ریاست گجرات میں مقامی حکومت کے انتخابات میں شریک امیدوار کو صرف ایک ووٹ لے سکا جو اس کا اپنا ووٹ تھا۔

اس شکست کے باوجود امیدوار کے حوالے سے خبر بین الاقوامی میڈیا میں بھی ہیڈ لائنز بنی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنتوش ہلپتی نامی امیدوار کے اپنے خاندان کے ایک درجن افراد ووٹ دینے کے اہل تھے لیکن وہ صرف ایک ووٹ جو کہ اسکا اپنا تھا حاصل کرسکا۔

سنتوش مغربی بھارتی ریاست گجرات کے ضلع ولساد کے شہر وپی میں واقع چروالہ گاؤں کے سرپنج کے الیکشن کے لیے کھڑا ہوا تھا۔

گو کہ اسے معلوم تھا کہ وہ جیت نہیں سکے گا لیکن اسے یہ امید بھی نہ تھی کہ وہ صرف ایک ووٹ ہی حاص کرپائے گا اور وہ بھی اس کا اپنا۔

درمیانی عمر کے سنتوش ووٹ گننے والے کاؤنٹر پر یہ نیتجہ دیکھ کر رو پڑا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کے اپنے گھر میں 12 افراد ووٹ دینے کے اہل تھے، لیکن ان میں سے کسی نے بھی اسے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔