سال 2021، پاکستان میں کونسی ایپ سب سے زیادہ ڈاؤنلوڈ کی گئی؟

January 13, 2022

مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک سال 2021 کے دوران پاکستان میں تیسری سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ بن گئی۔

ٹک ٹاک گزشتہ سال ’غیر اخلاقی اور غیر مہذب‘ مواد کی وجہ سے تقریباً پانچ ماہ تک پاکستان میں بلاک رہی تھی۔

فیس بک 3 کروڑ ڈاؤن لوڈز کے ساتھ سرفہرست ہے

سینسر ٹاور کے موبائل انسائٹس اسٹریٹجسٹ کریگ چیپل کے مرتب کردہ ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ چینی مختصر شیئرنگ ایپ کو پچھلے سال ملک میں 2 کروڑ 65 لاکھ بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا تھا۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ کریگ چیپل کا مرتب کردہ ڈیٹا صرف ایپ اسٹور اور گوگل پلے سے حاصل کیا گیا ہے ،ان میں دوسرے تھرڈ پارٹی اینڈرائیڈ اسٹورز کا ڈیٹا شامل نہیں ہے۔

سوشل میڈیا ایپس کی فہرست میں، میٹا کی ملکیت والی فیس بک 3 کروڑ ڈاؤن لوڈز کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ اسنیک ویڈیو 2 کروڑ 76 لاکھ ڈاؤن لوڈز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ 2 کروڑسے سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی واحد دوسری سوشل میڈیا ایپ واٹس ایپ ہے۔

دوسری جانب گزشتہ برس مقبول ترین ویب سائٹ کا اعزاز ٹک ٹاک نے گوگل سے چھین لیا تھا۔

کلاؤڈ سروس کمپنی کلاؤڈ فلیئر کی سالانہ رینکنگ کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا کہ کوئی ویب سائٹ گوگل کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب ہوئی ہو۔

گزشتہ برس اسی فہرست میں ٹک ٹاک کا ساتواں نمبر تھا لیکن اب ایک ہی سال میں چینی سائٹ پاکستان سمیت مختلف ممالک میں پابندیوں کے باوجود بڑی چھلانگ لگا کر سات درجے اوپر چلی گئی ۔