نہ سمن ملا نہ ہی کسی ادارے نے تاحال رابطہ کیا ہے، حریم شاہ

January 15, 2022

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے کہا ہے کہ انہیں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے نہ تو کوئی سمن ملا ہے اور نہ ہی ادارے کے کسی فرد نے ان سے تاحال کوئی رابطہ کیا۔دو دن قبل ایف آئی اے کراچی کے سائبر اور منی لانڈرنگ ونگ نے بتایا تھا کہ حریم شاہ کے خلاف رقم کی غیر قانونی منتقلی اور سائبر کرائم سے متعلق تفتیش شروع کردی گئی۔اب حریم شاہ نے کہا ہے کہ انہیں میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ ان کے خلاف ایف آئی اے نے تفتیش شروع کردی جب کہ ان سے نہ تو وفاقی تحقیقاتی ادارے نے رابطہ کیا، نہ ہی انہیں سمن ملا اور کسی نے فون کرکے انہیں تحقیق سے متعلق بتایا۔حریم شاہ نےکہاکہ وہ تفتیش کے لیے ایف آئی اے سے مکمل تعاون کریں گی اور یہ کہ انہیں تفتیش سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں، انہوں نے کوئی غلط کام ہی نہیں کیا۔حریم شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے غیر ملکی کرنسی کے ساتھ مذاق میں ویڈیو بنائی تھی، انہوں نے نہ تو کوئی منی لانڈرنگ کی اور نہ ہی انہوں نے کبھی ایسا کوئی غیر قانونی کام کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ تاثر بھی غلط ہے کہ وہ پاکستان چھوڑ کر برطانیہ منتقل ہوئی ہیں، ٹک ٹاکر نے واضح کیا کہ انہوں نے پاکستان نہیں چھوڑا۔ان کے ساتھ ویڈیو میں موجود شخص نے اپنا نام دانیال ملک بتایا اور دعویٰ کیا کہ حریم شاہ نے ان کے پیسوں کے ساتھ ہی ویڈیو بنائی تھی۔