کورونا وبا میں حکومت کیلئےآمریت میں تبدیل ہونے کی باتیں’بکواس‘ہیں،فرینک والٹر

January 15, 2022

برلن(نیوز ڈیسک)جرمن صدر فرینک والٹر نے ایسے دعوئوں کو ‘بکواس’ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوروناوائرس نے جرمن حکومت کو آمریت میں تبدیل کردیا ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق جرمن صدر نے کہا کہ اس قسم کی باتیں قانون اور اور جمہوری حکومتی اداروں کو بےاحترام کرنے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کورونا لاک ڈاؤن کی مخالفت کرنے والے کارکنان کی جانب سے ایسی باتیں ہم سب پر ایک حملہ ہےتاہم صدر نے اعتراف کیا کہ کورونا ویکسین لازمی قرار دئیے جانے کے فیصلے پر کھڑے ہوئے تنازع کو سلجھانے کیلئے بات چیت کا آغاز کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا ان کی یہ ذمہ داری ہے کہ عوامی مسائل سے متعلق اس قسم کے اہم سوالات پر رائے عامہ جاننے کیلئے عوامی سطح پر بحث و مباحثے کا آغاز کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا ویکسین کو لازمی قرار دئیے جانے کا فیصلہ دیگر قانونی امور سے مختلف ہے، اس کا حل جرمن حکومت اور پارلیمنٹ کو مل کر نکالنا ہوگا۔