پیپلزپارٹی کے دور میں مزدوروں کی پریشانی افسوس ناک ہے، ضیاء عباس

January 16, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سینئرسیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ پی پی کے دور میں مزدوروں کی پریشانی افسوس ناک ہے، سندھ میں سر کاری اور نجی اداروں سے ملازمت کے بعد ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کے بقایاجات یکشمت ادا کرنے کے بجائے قسطوں میں دینے سے ملازمین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ملازمین کو قسطوں میں رقم دے رہی ہے جس میں بھی اکثر تاخیر ہوجاتی ہے، اس صورت حال سے ملازمین کو اپنے گزربسر میں سخت مسائل اٹھانا پڑ رہے ہیں،خواتین ملازمین کو بھی ان صورت حال میں پریشانی سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ملازمت سے ریٹائر ملازمین کو اپنے بچوں کی شادی یا کوئی کاروبار کرنا ہوتا ہے تو وہ اس حوالے سے مسائل میں مبتلا ہوجاتے ہیں، بیوائوں کی بھی اس صورت حال میں مشکلات بڑھ رہی ہے، انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور پی پی کے چیئر مین بلاول بھٹو سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورت حال کا نوٹس لیں اور ریٹائرڈ ملازمین کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں، پی پی نے ہمیشہ مزدروں کے مفاد کی بات کی ہے ان کے دور میں مزدوروں کی پریشانی افسوس ناک ہے۔