جنوبی پنجاب صوبہ، حکومت کے پاس اکثریت نہیں تو ہم سے بات کریں، گیلانی

January 17, 2022

سابق وزیراعظم اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے جنوبی پنجاب صوبے پر حکومت کو بات کرنے کی دعوت دے دی۔

سینیٹ اجلاس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تقریر پر جواب دیتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اگر حکومت کے پاس اکثریت نہیں ہے تو ہم سے بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت تھی، ہمارے پاس سادہ اکثریت بھی نہیں تھی، اس کے باوجود اتفاق رائے سے 104 ترامیم کی گئیں۔

یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے لیے حکومت کے پاس اکثریت نہیں تو ہم سے بات کریں، اس معاملے پر کسی سیاسی جماعت سے بات ہوئی ہی نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کا مطالبہ نہیں کیا صوبے کا مطالبہ کیا تھا، صوبہ بن جائے گا تو دارالحکومت کا فیصلہ ہم کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر سینیٹ نے یہ بھی کہا کہ دارالحکومت بنانا پارلیمنٹ اور عوام کا کام ہے حکومت کا نہیں ،ہم رعایا نہیں، ہم صوبہ، وزیراعلیٰ گورنر اور سینیٹ سیٹیں چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب سیکریٹریٹ بنے گا پوچھناچاہتا ہوں، لوگوں کو نوکریاں ملیں گی یا نہیں۔