4800 میٹر نئی واٹر سپلائی پائپ لائی بچھائی جائے گی،ڈاکٹر حسن ناصر

January 18, 2022

پشاور ( وقائع نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے یونیسف کے مالی تعاون سے چار یونین کونسلوں سکندر ٹائون، دیہہ بہادر، نوتھیہ قدیم اور نوتھیہ جدید میں واٹر سپلائی سکیم پر عملدرآمد شروع کر دیا جسے تین مہینوں میں مکمل کیا جائے گا، سکیم سے ایک ہزار سے زائد گھرانے مستفید ہوں گے۔ ڈبلیو ایس ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن ناصر کا کہنا ہے کہ سکیم پراجیکٹس ونگ کی نگرانی میں مکمل کی جارہی ہے جس پر 86.5 ملین روپے اخراجات آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیم کے تحت 4800 میٹر نئی واٹر سپلائی پائپ لائی بچھائی جائے گی، پانچ ٹیوب ویلوں میں دوبارہ بور کیا جائے گا، چار ٹیوب ویلوں میں نئے چیمبر بنائے جائیں گے جبکہ 26 ٹیوب ویل چیمبروں کی مرمت کی جائے گی، 23 ٹیوب ویلوں میں پمپنگ مشینری تبدیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تین یونین کونسلوں میں واٹر سپلائی نظام کی جی آئی ایس میپنگ اور ڈیزائننگ بھی کی جائے گی34 ٹیوب ویلوں پر جدید خصوصیات کا حامل سپروائزری کنٹرول اینڈ ڈیٹا ایکوزیشن (سکیڈا) نظام نصب کیا جائے گا جس کے ذریعے ٹیوب ویلوں کو خود کار طریقہ سے چلایا جائے گا اور توانائی کی بچت ہوگی، پہلے بھی آزمائشی بنیادوں پر سکیڈا نظام متعارف کرایا گیا تھا جس سے بجلی بلوں کی مد میں 26 فیصد بچت ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 6 ٹیوب ویلوں پر واٹر مانیٹرنگ سنسر لگائے جائیں گے علاوہ ازیں پانی کے تحفظ اور اس کے ضرورت کے مطابق استعمال کے لئے کمیونٹی میں شعور اجاگر کیا جائے گا۔