پشاور(کرائم رپورٹر) تھانہ گلبہار کے قریب امامیہ کالونی میں رقم لین دین کے تنازعہ پر دوگروہوں میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، واقعہ کے خلاف مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے نعش گلبہار پولیس اسٹیشن کے سامنے رکھتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑک کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا جبکہ سڑک پر آگ بھی لگائی گئی، حالات سنبھالنے کیلئے پولیس افسران بھاری نفری سمیت پہنچ گئے اور متعدد افراد کو حراست میں لیکر مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔ پولیس کے مطابق گزشتہ شام افطاری کے وقت میاں نصیروغیرہ کا مخالفین موج علی،وٹے ودیگر کے ساتھ رقم لین دین کے تنازعہ پرزبانی تکرار ہوگئی، اس دوران دونوں گروہوں میں ہاتھاپائی اور ہنگامہ آرائی ہونے کےساتھ ساتھ نوبت فائرنگ تک جاپہنچی جس کے نتیجے میں ثاقب ولد مختیار علی نامی نوجوان گولی لگنے سے جاں بحق جبکہ متعدد افراد ہنگامہ آرائی اور فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں جن میں آفتاب علی ولد شہباز علی اور تبسم ولد مجاہد علی بھی شامل ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ اس ضمن میں سوشل میڈیال پر وائرل ویڈیو زمیں دیکھاجاسکتا ہے کہ ہنگامہ آرائی کے دوران امامیہ کالونی میں مشتعل افراد نے سڑک پر ٹائربھی جلائے جبکہ لواحقین وعلاقہ مکین مقتول ثاقب کی نعش اٹھاکرتھانے کے سامنے سڑک پر رکھی اور انہوں نے شدید نعرے بازی کی۔مظاہرے کیوجہ سے سڑک ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بلاک ہو گئی ۔پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق رقم کے لین دین کے تنازعہ پر لڑائی جھگڑا ہوا ہے تاہم مزید تفتیش اورایف آئی آر کے اندراج کے بعد مزید حقائق سامنے آسکیں گے اور ملزمان کی نامزدگی ہوسکے گی۔ ادھر ہنگامہ آرائی کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیاجبکہ پولیس نے موقع سے متعدد افراد کو حراست میں لیکر مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔