• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یومِ پاکستان پر خیبر پختونخوا میں دس لاکھ پودے لگانے کی تیاری جاری

پشاور(جنگ نیوز)حکومتِ خیبر پختونخوا یومِ پاکستان 23 مارچ 2026 کو ایک منفرد اور تاریخی شجرکاری مہم کے ذریعے منانے جا رہی ہے، جس کے تحت پورے صوبے میں ایک ہی دن میں دس لاکھ پودے لگانے کا ریکارڈ قائم کیا جائے گا۔ یہ اقدام نہ صرف یومِ پاکستان کی قومی اہمیت کو اجاگر کرے گا بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز پاکستان کے خواب کو عملی شکل دینے کی ایک مؤثر کوشش بھی ثابت ہوگا۔سیکرٹری محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبر پختونخوا جنید خان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے خصوصی ویژن‘‘سرسبز خیبر پختونخوا’’کے تحت یہ شجرکاری مہم صوبے بھر میں بیک وقت شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی دن میں دس لاکھ پودے لگانے کا یہ اقدام پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد کارنامہ ہوگا، جو نہ صرف ماحولیاتی بہتری بلکہ قومی شعور کو بیدار کرنے کی ایک بھرپور علامت بھی بنے گا۔انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان دراصل اس عہد کی یاد دلاتا ہے جب 23 مارچ 1940 کو قراردادِ پاکستان کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام کا خواب دیکھا تھا۔ اسی تاریخی دن کی روح کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتِ خیبر پختونخوا نے اس بار اس قومی دن کو ایک‘‘سبز عہد’’میں ڈھالنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آزادی کے ثمرات کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ اور پائیدار بنایا جا سکے۔
پشاور سے مزید