• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ،چوتھے روز ایبٹ آباد اورملتان ریجن کی کامیابی

پشاور (خصوصی نامہ نگار) نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے چوتھے روز گروپ بی میں ایبٹ آباد اور ملتان ریجن نے اپنے میچز جیت لئے۔ ایبٹ آباد نے لگاتار دوسری بار 200سے زائد رنز کے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا۔ ایبٹ آباد نے ٹاس جیت کر کراچی بلوز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جنہوں نے مقررہ 20اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے. 67رنز بنانے والے احسان علی اور 42رنز بنانے والے جہانزیب سلطان کی جوڑی نے 80رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ احسان نے 36 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے سات چوکے اور چار چھکے لگائے، جبکہ جہانزیب کی 29 گیندوں کی اننگز میں دو چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ سعد بیگ 26 رنز بنا کر فاسٹ باؤلر ارشد اقبال کا شکار ہوئے۔ عثمان خان نے سات چوکوں کی مدد سے 25 گیندوں پر 39رنز بنائے۔ شاداب خان نے چار اوورز میں 32رنز کے عوض کراچی بلوز کے دونوں اوپننگ بلے بازوں کو آوٹ کیا۔ جواب میں ایبٹ آباد کی پہلی وکٹ 18رنز پر گرنے کے بعد کامران غلام اور شاہ زیب خان نے 115رنز کی برق رفتار شراکت سے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز شاہ زیب خان نے 38گیندوں پر 11چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 75رنز بنائے۔ کامران غلام 42 گیندوں پر 11 چوکے اور دو چھکے لگا کر 81رنز پر ناقابل شکست رہے۔ اس سے پہلے کامران غلام نے ملتان کے خلاف ناقابل شکست 95رنز کی اننگز کھیلی تھی۔خوشدل شاہ کی 16 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں سے مزین 38 رنز کی اننگز نے بھی ایبٹ آباد کو 202رنز کا ہدف 16اعشاریہ چار اوورز میں حاصل کرنے میں مدد کی۔ دوسرے میچ میں ملتان نے دفاعی چیمپئن لاہور بلوز کو سخت مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کی۔ملتان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچویں نمبر کے بلے باز محمد شہزاد کی نصف سنچری اور لوئر آرڈر کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔ محمد شہزاد نے 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکے اور چار چھکے لگا کر 54 رنز بنائے جو کہ ان کہ لگاتار دوسری نصف سنچری ہے۔ عرفات منہاس نے 17گیندوں پر دو چوکے اور دو چھکے، عامر یامین نے چھ گیندوں پر تین چوکے اور دو چھکے جبکہ وسیم اکرم جونیئر نے سات گیندوں پر تین چوکے لگائے۔ لاہور بلوز کی جانب سے لیفٹ آرم سپنر محمد رضوان نے چار اوورز میں 39رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں لاہور بلوز کے اوپننگ بلے باز عمر صدیق نے 51 گیندوں پر 91 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت کے نزدیک کیا مگر وہ انیسویں اوور میں آوٹ ہوگئے۔ عمر صدیق کی جارحانہ اننگز میں 13چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ چھٹے نمبر کے بلے باز اور ٹی ٹونٹی ڈیبیو کرنے والے علی رزاق نے 45رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی. انہوں نے 26گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چوکے اور چار چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو امید دلائی مگر پلیئر آف دی میچ عامر یامین کا شکار بن گئے. ملتان کی جانب سے عرفات منہاس اور سراج الدین نے دو دو جبکہ موہیر سعید اور عامر یامین نےایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور سے مزید