سندھ حکومت کا مستقل بنیاد پر فٹبال لیگ کرانے کا فیصلہ

January 18, 2022

سپر لیگ آف فٹ بال کے انعقادکیلئے حکومت سندھ نے منظوری دیدی ہےجس کے آغازکا اعلان جلد متوقع ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سندھ میں کھیلوں کے فروغ کے ویژن کے تحت وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر صوبائی مشیر کھیل ارباب لطف اللہ کی زیر نگرانی ملک کی تاریخ میں پہلی بار گراس روٹ لیول پر فٹبال کے فروغ اور دیہی و شہری علاقوں کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے مستقل بنیادوں پر لیگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔

پہلےسیزن کیلئے سندھ سپر لیگ آف فٹبال میں 6شہروں کی 8فرنچائز ٹیمیں شرکت کریں گی جس سے سندھ میں فٹ بال کے کھیل کو ایک نئی جہت ملے گی۔ دنیا بھر میں فٹ بال کھیلنے والے ممالک کھیل کی ترقی کیلئےمختلف منصوبے ترتیب دیتے ہیں اور ان میں وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔

اس کی بڑی مثال پڑوسی ملک بھارت کی ہےجہاں فٹ بال سمیت تمام کھیلوں پر نچلی سطح پربھرپور کام ہورہا ہے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لاکر ٹیموںکی رینکنگ مسلسل بہترکی جارہی ہےجس کی واضح مثال فٹ بال کی عالمی رینکنگ میں بھارت کی موجودہ پوزیشن ہے۔ اس وقت بھارت فٹ بال کی عالمی رینکنگ میں 104 ویں پوزیشن پر ہے۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا گزشتہ چھ سال سے جاری تنازع فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا اور اے ایف سی کی جانب سے قائم کردہ ثالثی فیفا نارملائز یشن کمیٹی بھی حل نہیں کراسکی ہے لیکن اس کے باوجود فیفا پاکستان میں فٹ بال کے تنازع کے حل کیلئے پرامید ہے اور این سی کی فٹ بال معاملات کے حل کیلئے دی گئی معیاد میں مسلسل توسیع کررہی ہے۔ عالمی فٹ بال مقابلوں میں پاکستان پر پابندی کے باعث پاکستانی فٹ بال کی عالمی رینکنگ مسلسل نیچے کی جانب جارہی ہےاورعالمی رینکنگ میں موجود 210 ممالک میں پاکستان تازہ رینکنگ میں 198 نمبر پر ہے۔ پاکستانی فٹ بال آرگنائزرز، کھلاڑی اور کھیل سے محبت کرنے والے چاہتے ہیں کہ پاکستان میں فٹ بال کے مقابلوں کا مسلسل انعقاد ممکن ہو۔

سپر لیگ آف فٹ بال کے انعقاد کیلئے حکومت سندھ کی دلچسپی اور چھ کروڑ روپے کے بڑے بجٹ کی منظوری سے سندھ سمیت پورے ملک میں مقابلوں کا ایک نیا رجحان شروع ہوگا۔ سپر لیگ آف فٹ بال کےانعقاد کا فیصلہ سندھ فٹ بال کےاسٹیک ہولڈرز کی موجودگی میں کرلیا گیا ہے، پی ایس ایل کی طرز پر ہونے والی لیگ میں قومی انٹرنیشنل کھلاڑیوں کےساتھ ساتھ مقامی کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے،چھ مختلف ڈویژن کی آٹھ ٹیمیں لیگ میں حصہ لیں گی۔

سپر لیگ فٹ بال کے انعقاد کا فیصلہ 9 جنوری سےکیا گیا تھا لیکن پاکستان سپر لیگ کرکٹ کی وجہ سے اب اس کے آغاز کی تاریخوں میں ردوبدل کردیا گیا ہے۔ سیکرٹری اسپورٹس اختر عنایت بھرگڑی سے جب لیگ کے انعقاد کیلئے تاریخ آگے بڑھانے کے حولے سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل کرکٹ کی وجہ سے سندھ فٹ بال لیگ کے انعقاد کی تاریخوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ کرکٹ ایونٹ کے اختتام پر اس کا آغاز ہوگااور تاریخ کا اعلان عنقریب کر دیا جائے گا۔