فیس ماسک پہن کر لوگ زیادہ پرکشش نظر آتے ہیں، تحقیق

January 19, 2022

فیس ماسک پہن کر لوگ زیادہ پرکشش نظر آتے ہیں، تحقیق

برطانوی محققین کی ایک نئی تحقیق میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ فیس ماسک پہن کر لوگ زیادہ پُرکشش نظر آتے ہیں۔

عالمی وباء کورونا وائرس کے پھیلنے سے پہلے سرجیکل فیس ماسک زیادہ تر صرف ڈاکٹراستعمال کرتے تھے، لیکن سال 2020 میں جب کورونا وائرس تیزی سے دنیا بھر میں پھیل گیاتوسرجیکل ماسک زندگی کی عام ضروریات میں شامل ہوگیا۔

ایسے میں فیشن انڈسٹری نے وقت ضائع کیے بغیر اسے بطور فیشن بھی اپنالیا اور اب مارکیٹ میں سرجیکل ماسک کے علاوہ بھی بہت سارے ڈیزائینز اور رنگوں میں فیس ماسک دستیاب ہیں۔

برطانوی جریدے دی گارڈین کے مطابق، برطانوی ماہرین نے ایک نئی تحقیق میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ فیس ماسک پہن کر لوگ زیادہ پُرکشش نظر آتے ہیں۔

کارڈف یونیورسٹی کی اس نئی تحقیق کے مطابق، یونیورسٹی کے اسکول آف سائیکالوجی سے ڈاکٹر مائیکل لیوس جوکہ چہرے پڑھنے میں مہارت رکھتے ہیں، یہ جان کر حیران رہ گئے کہ فیس ماسک پہن کر مرد ہوں یا خواتین زیادہ پُرکشش نظر آتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق،ڈاکٹر مائیکل لیوس نے تحقیق سے متعلق بتایا کہ ’یہ تحقیق جب کورونا وبا کے پھیلنے سے پہلے کی گئی تھی تو اس وقت زیادہ تر لوگوں کا خیال تھا کہ فیس ماسک چہرے کی کشش کو کم کرتا ہے کیونکہ یہ بیماری سے وابستہ ہے‘۔

انہوں نے حالیہ تحقیق کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اصل میں یہ تحقیق جاننے کے لیے کی گئی تھی کہ کیا اب جبکہ سرجیکل ماسک معمول کی زندگی کا ایک اہم حصّہ بن گیا ہے تو اب لوگوں کے اس بارے میں کیا تاثرات ہیں‘۔

ڈاکٹر لیوس نے بتایا کہ’ہم یہ جاننا چاہتے تھے کہ کیا اب لوگوں کے فیس ماسک کے بارے میں خیالات میں تبدیلی آئی ہے یا نہیں‘۔

اُنہوں نے انکشاف کیا کہ’ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ جب سرجیکل فیس ماسک پہنے ہوئے لوگ سب سے زیادہ پرکشش سمجھے جاتے ہیں‘۔

انہوں نے مزید بتایا کہ’اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ ڈاکٹرز اور اسپتال کا دیگر عملہ نیلے رنگ کے فیس ماسک پہننے کا عادی ہے اور اب موجودہ صورتحال میں ہم سب ان لوگوں سے متاثر ہیں‘۔

ڈاکٹر لیوس نے بتایا کہ’ایسے وقت میں جب ہم خود کو کمزور محسوس کرتے ہیں، ہمیں ذہنی طور پر بھی سرجیکل ماسک پہننے سے ہی تسلی ہو سکتی ہے‘۔

اُن کا کہنا ہے کہ ’وبائی مرض نے ماسک پہنے لوگوں کی جانب ہماری نفسیات کو بدل دیا ہےکیونکہ اس عالمی وباء کے پھیلاؤ کے بعد جب ہم کسی کو ماسک پہنے ہوئے دیکھتےہیں تو ہم یہ نہیں سوچتے کہ اس شخص کو کوئی بیماری ہےاورہمیں اس سے دور رہنے کی ضرورت ہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’ یہ بھی ممکن ہے کہ ماسک لوگوں کو زیادہ پرکشش اس لیے بھی بناتے ہیں کیونکہ ماسک پہنے چہرے کو دیکھتے ہی اس کی آنکھوں کی طرف توجہ سب سے پہلے مبذول ہوتی ہے‘۔