شرمیلا فاروقی کا والدہ کی ٹرولنگ پر نادیہ خان کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان

January 19, 2022

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے والدہ انیسہ فاروقی کی ٹرولنگ کرنے پر ٹیلی ویژن میزبان نادیہ خان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کردیا۔

اداکارہ صبور علی اور علی انصاری کی شادی کے موقع پر نادیہ خان نے انیسہ فاروقی کے ساتھ ویڈیو بنائی جس میں وہ رکن سندھ اسمبلی کی والدہ سے ٹرولنگ کرنے کے انداز میں سوالات کر رہی تھیں۔

شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ساتھ اس سوالات و جوابات پر مبنی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد نادیہ خان پر نہ تنقید کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ادھر والدہ کے ساتھ نامناسب انداز میں بنائی گئی اس ویڈیو پر شرمیلا فاروقی نے بھی سخت ردِ عمل دیا اور کہا کہ وہ ٹیلی ویژن میزبان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔

مقامی ویب سائٹ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ میں نے نادیہ خان کو پیغام دیا اور کہا کہ ایسا کرکے آپ نے بے شرمی کی انتہا کردی۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ میری والدہ سادہ خاتون ہیں، انہوں نے تین ماہ قبل اپنے شوہر کو کھویا ہے، وہ ان کے بغیر جینے کی کوشش کر رہی ہیں۔

شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس کرنے کو کچھ ہے نہیں، تو آپ ایسی ویڈیوز بناکر ریٹنگ اور شہرت چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ کی جگہ کوئی اور بھی ہوتا تو وہ ایسا ہی اقدام اٹھاتیں۔

شرمیلا فاروقی نے بتایا کہ وہ اس معاملے کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے سربراہ کے سامنے اٹھانے والی ہیں اور وہ باضابطہ طور پر انہیں اس معاملے کے بارے میں تحریر کرنے جارہی ہیں جبکہ وہ اس معاملے کو ہر فورم پر اٹھائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ آپ صرف اپنی سستی شہرت کے لیے کسی کی بے عزتی کرنے کے لیے عورت یا حتیٰ کہ مرد کا بھی استعمال نہیں کرسکتے۔

شرمیلا فاروقی نے یہ بھی کہا کہ میں اس عورت کا مقابلہ کرنے جارہی ہوں، اور اگر اس کے لیے کورٹ میں درخواست بھی دینی پڑی تو دیں گی۔

ادھر سوشل میڈیا پر نادیہ خان کا بیان زیر گردش ہے کہ جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ اس میں کچھ غلط نہیں، میں نے کچھ ایسا نہیں پوچھا جس میں کچھ غلط ہو، میرے خلاف سخت لفظوں کا استعمال بند کیا جائے۔