لتا منگیشکر کی صحت کے حوالے سے غلط خبریں نہ پھیلائی جائیں، ترجمان

January 20, 2022

ممبئی (آئی این پی) معروف بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر کی ترجمان نے گلوکارہ کے حوالے سے پریشان کن جھوٹی خبروں کی تردید کی ہے۔92 سالہ گلوکارہ کافی دن سے آئی سی یو میں ہیں، گلوکارہ میں کورونا وائرس اور نمونیا دونوں کی تشخیص ہوئی تھی۔ گزشتہ روز بھارتی میڈیا میں لتا منگیشکر کی صحت کے حوالے سے پریشان کن خبریں سامنے آئی تھیں کہ گلوکارہ کی حالت زیادہ خراب ہے۔ یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ لتا منگیشکر کی صحت بگڑ گئی ہے اور ان کے صحت یاب ہونے کے کوئی آثار نہیں ہیں۔ اب ایسی تمام خبروں کی تردید ان کی ترجمان نے کی ہے، ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جھوٹی خبروں کو پھیلتے دیکھنا پریشان کن ہے، لتا جی کی حالت مستحکم ہے، وہ اب بھی قابل ڈاکٹروں کے زیر علاج آئی سی یو میں ہیں۔ برائے مہربانی ان کی جلد گھر واپسی کے لیے دعا کریں۔