روس کا بڑے پیمانے پر بحری مشقوں کا اعلان

January 20, 2022

روس نے جنوری اور فروری میں بحراوقیانوس، بحرالکاہل، آرکٹک اور بحیرہ روم میں بحری مشقیں کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بڑے پیمانے پر کی جانے والی ان بحری مشقوں میں 140 سے زائد جنگی جہاز، چھوٹے جہاز، 60 سے زائد طیارے، ایک ہزار فوجی ساز و سامان اور 10 ہزار اہلکار حصہ لیں گے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق مشقوں کا بنیادی مقصد سمندر میں روسی قومی مفادات کا تحفظ اور روس کو لاحق فوجی خطرات کا مقابلہ کرنا ہے۔

روسی بحری مشقوں کا اعلان جنیوا میں امریکی و روسی وزرائے خارجہ کی ملاقات سے ایک دن قبل کیا گیا ہے۔ دونوں رہنما یوکرین تنازع پر کل ملاقات کرنے والے ہیں۔