پی ایس ایل 7 کے آفیشل ترانے کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر زیر گردش

January 21, 2022

لاہور (آئی این پی) پاکستان سپرلیگ کے آغاز سے قبل شائقین کو سب سے زیادہ انتظارآفیشل ترانے کا ہوتا ہے ، ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی آفیشل میوزک ویڈیو کی کچھ جھلکیاں سوشل میڈیا پرزیرگردش ہونے کی اطلاعات ہیں۔وائرل ویڈیومیں آئمہ بیگ اور عاطف اسلم کو اسٹیج پر دیکھا جاسکتا ہے۔عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کا گایا گیا یہ ترانہ الیکٹرو پاپ آرٹسٹ عبداللہ صدیقی نے تیار کیا ہے جنہیں گزشتہ سال فوربزکی 30 انڈر 30 کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ پی ایس ایل 6 کے گزشتہ ترانے"گروو میرا" کو ملنے والے ملے جلے ردعمل کے پیش نظر مداحوں نے رواں سال بہت زیادہ توقعات وابستہ کر رکھی ہیں۔ گروو میرا کو آئمہ بیگ، نصیبو لال اورریپرز ینگ اسٹنرز نے گایا تھا۔یہ پی ایس ایل کے لیے عاطف اسلم کا پہلا اور آئمہ بیگ کادوسرا ترانہ ہوگا۔پی ایس ایل 7 کا ترانہ رواں ہفتے ریلیز ہونے کی اطلاعات تھیں تاہم میوزک ویڈیو کے سیٹ سے جھلکیاں پہلے ہی سوشل میڈیا پر آ چکی ہیں۔پی ایس ایل کے ساتواں ایڈیشن کاآغاز 27 جنوری 2022 سے ہوگا۔