معروف یوٹیوبر نے بانس میں رہنے والی مکڑی کی نئی قسم دریافت کرلی

January 21, 2022

جنگلی حیات پر ویڈیو بنانے والے تھائی لینڈ کے معروف یوٹیوبر ’جوکو سائپاوٹ‘ نے ’ٹیرنٹیولا مکڑی‘ کی نئی قسم دریافت کرلی ہے جوکہبانس کے اندر چھپ کر رہتی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ کے یوٹیوبر جوکو سائپاوٹ کو خود بھی حشرات کا علم ہے لیکن اُنہوں نے کیڑے مکوڑوں کی پہچان کرنے والے ایک ماہر کو مکڑی کی نئی قسم کی تصاویر اور ویڈیوز بھیجیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ تصاویر اور ویڈیوز دیکھنے کے بعد کیڑے مکوڑوں کے ماہر نے بتایا کہ کہ یہ مکڑی کی ایک نئی دریافت ہے اور اس سے پہلے سائنسی ادب میں اس کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ عام ٹیرنٹیولا کے برعکس، یہ مکڑی بانس کے اندرونی کھوکھلے حصے میں رہتی ہے اور یہ مکڑی اپنی خوراک کے حصول کے لیے بانس سے باہر آتی ہے لیکن بعد میں دوبارہ اپنے گھر کے اندر چلی جاتی ہے۔

اس نئی مکڑی کا نام تھائی لینڈ کے بادشاہ ٹاک سائن کے نام پر ’ٹاک سائنس‘ رکھا گیا ہے۔ 1767ء میں ایوتھایا سلطنت کے زوال کے بعد، ٹاک سائن نے ملک کو سنبھال کر ایک نئے تھائی لینڈ کی بنیاد رکھی تھی۔

دوسری طرف، یہ شمالی تھائی لینڈ میں نظر آنے والی پہلی ٹیرنٹیولا مکڑی ہے۔ ایشیائی خطے کے ٹیرنٹیولا مکڑی یا تو درختوں پر چھلانگ لگاتی ہیں یا زمین پر موجود خشک پتوں میں اپنا گھر بناتی ہیں۔ تاہم، یہ نئی نسل ایشیائی بانس کے تنوں کو ترجیح دیتی ہے۔