• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سودے کی تھیلیوں کیلئے بھی ’سیٹ بیلٹ‘ ایجاد

امریکی کمپنی نے گاڑی میں رکھنے والی سودے کی تھیلیوں کو گِرنے سے بچانے کے لیے خصوصی سیٹ بیلٹ ایجاد کی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھیلیوں کے لیے ایجاد کیے گئے’سیٹ بیلٹ‘ کو استعمال کرنا بہت آسان ہے، اسے گاڑی کے ڈیش بورڈ کور کے ساتھ منسلک کیا جا سکتا ہے۔

ایک مضبوط کلپ کی مدد سے یہ بیگ کے اوپری حصے کو پکڑ لیتا ہے اور اسے گِرنے سے روکتا ہے۔

اس طرح بیگ اور اس میں رکھا ہوا سامان دونوں گاڑی میں گِرنے سے محفوظ رہتے ہیں جبکہ ڈرائیور سامان کی تھیلیوں سے بےفکر ہوکر اپنی ساری توجہ گاڑی چلانے پر مرکوز کرسکتا ہے۔

گاڑی کے سائز کے لحاظ سے ’سیٹ بیلٹ‘ کی لمبائی میں اضافہ یا کمی کی جا سکتی ہے اور بیگ کو الگ کرنے کے بعد اسے آسانی سے لپیٹ کر چھوٹی جگہ پر رکھا جا سکتا ہے۔

سیٹ بیلٹ کی قیمت کیا ہے؟

ان تمام خصوصیات کے باوجود، اس سیٹ بیلٹ کی قیمت 22 ڈالرز (پاکستانی تقریباً 4,000 روپے) ہے اور اسے ابھی تک مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش نہیں کیا گیا ہے تاہم اس کے آن لائن پری آرڈرز جاری ہیں۔

امریکی کمپنی کے مطابق تھیلیوں کے سیٹ بیلٹ کی پہلی کھیپ رواں سال جون تک صارفین کو بھیج دی جائے گی۔

دلچسپ و عجیب سے مزید