فضائی مسافر کا ماسک پہننے سے انکار، فلائٹ آدھے راستے سے واپس لوٹ آئی

January 21, 2022

امریکی ہوائی جہاز مسافر کی طرف سے ماسک پہننے سے انکار پر آدھے راستے سے واپس لوٹ آیا۔

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ائیرلائن میں سوار ایک مسافر نے کورونا وائرس کا حفاظتی ماسک پہننے سے انکار کیا تو آدھے راستے سے ہی جہاز کا رخ واپس موڑ لیا گیا۔

امریکی میڈیا نے ایئرلائن حکام کی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ پرواز میامی سے برطانوی دارالحکومت لندن جارہی تھی۔

رپورٹ کے مطابق دوران سفر ایک مسافر نے ماسک پہننے کا ضابطہ(ایس او پیز) ماننے سے انکارکردیا، جس پر جہاز میں بدمزگی پیدا ہوئی، معاملہ حل نہ ہونے پر جہاز کو واپس میامی لے آیا گیا۔

بوئنگ 777 طیارہ، جس میں 129 مسافر اور 14 عملے کے ارکان موجود تھے، میامی پہنچا تو ایئرپورٹ پر پولیس پہلے سے ہی موجود تھی۔

ایک پولیس اہلکار نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ جہاز اترنے کے بعد ماسک نہ پہننے والے مسافر کو بغیر کسی مزید بدمزگی کے نیچے اتار لیا گیا اور تحقیقات کے بعد اُس فہرست میں نام شامل کردیا گیا، جن کے ہوائی سفر پر پابندی ہے۔

امریکی شعبہ ایئر کی انتظامیہ نے گزشتہ برس کے آغاز میں ہی اس طرح کے عمل کو ناقابل برداشت قرار دیا تھا۔

انتظامیہ نے واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ ایسے کسی بھی عمل کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا، جس میں کورونا وبا سے بچاؤ کے ضوابط پر عمل درآمد نہ کیا جائے اور دوران پرواز ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔