انسان محنت کرے تو کامیابی اس کے قدم چومتی ہے، صوفیہ بونسی ایم بی ای

January 23, 2022

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) پروفیشنل مسلم انسٹی ٹیوٹ برطانیہ کمیونٹی کی جانب سے نمایاں خدمات سرانجام دینے والے نوجوانوں کی خدمات اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کے اعزاز میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، معروف سماجی شخصیت صوفیہ بونسی جنہیں ملکہ برطانیہ نے سال 2022 کے آغاز پر ایم بی ای کے اعزاز سے نوازا، اس سے قبل وہ ڈپٹی لیفٹیننٹ کا اعزاز بھی حاصل کر چکی ہیں، کی خدمات کے اعتراف میں پی ایم آئی نے نیٹ ورکنگ ڈنر کی تقریب کا انعقاد کیا، جس میں بڑی تعداد میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مرد اور خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر پروفیشنل مسلم انسٹی ٹیوٹ کے بانی جاوید بشیر کا کہنا تھا کہ تقریب کا مقصد نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں کا نہ صرف اعتراف بلکہ ان کو ایوارڈ دے کر نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ صوفیہ بونسی کا کہنا ہےکہ اگر انسان محنت کرے تو کامیابی اس کے قدم چومتی ہے، ہماری کمیونٹی کی خواتین کو ایک عظیم مقصد کو سامنے رکھ کر آگے بڑھنا چاہئے، یہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے کہ ہماری مسلم خواتین جب جیل میں جاتی ہیں تو کمیونٹی اور خاندان کی جانب سے ان کو نفرت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انسان غلطی کرتا ہے مگر مردوں کو تو معاشرہ قبول کرلیتا ہے لیکن سزا یافتہ خواتین کو ساری عمر جیل اور جیل کے باہر بھی سزا ملتی ہے۔ خواتین اور مردوں کے درمیان اس تفریق کو ختم کرنے کیلئے ہمیں کردار ادا کرنا ہوگا، یہ صرف کسی مذہب یا کسی اور فرد کا ایشو نہیں بلکہ یہ پوری کمیونٹی کا ایشو ہے، ہمیں اس حوالے سے مل کام کرنا ہوگا، تقریب سے ڈپٹی لیفٹیننٹ منہاج جو شی ،مسیح برادری کے نتھن جاوید، معروف سماجی شخصیت شاہدہ اعوان اور نوجوان سیاسی رہنما آصف خان نے کہا کہ بریڈفورڈ میں مختلف مذاہب کے لوگ آباد ہیں اور یہ ملٹی کلچرل سوسائٹی کا خوبصورت گلدستہ ہے، برطانیہ میں ہماری چوتھی نسل پروان چڑھ رہی ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم معاشی تقاضوں سے آگے بڑھ کر اپنے قومی تشخص کی بحالی اور مضبوطی کیلئے اپنا کردار ادا کریں، دور حاضر میں اپنے مثبت کردار سے آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے ایک ایسی مثال قائم کریں جو ان کیلئے ایک رول ماڈل ہو، انہوں نے کہا کہ صوفیہ بونسی ہماری کمیونٹی کی خواتین کے لیے ایک رول ماڈل ہیں انہوں نے نہ صرف تعلیم بلکہ سماجی اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، ہماری نوجوان نسل کوبھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے معاشرے میں اہم کردار ادا کرنا چاہئے، تقریب میں کونسل برائے مساجد کے قاضی اشتیاق ، یونس لونٹ ،خالد محمود ، ظہور احمد ، کونسلرفیض الیاس، ناز مجید اور کمیونٹی کی معروف سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔