لتا منگیشکر کی صحت کے حوالے سے افواہیں پھیلنے پر اہلخانہ پریشان

January 23, 2022

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی ’کوئل‘ کہلائی جانے والی لیجنڈری گلوکارہ 92 سالہ لتا منگیشکر گزشتہ دو ہفتوں سے ’نمونیا‘ بخار اور ’کورونا‘ کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہیں اور ان کی صحت کے حوالے سے مختلف افواہیں پھیلنے پر ان کے اہل خانہ پریشان ہیں۔بھارتی میڈیاکےمطابق لتا منگیشکر کی صحت کے حوالے سے جعلی خبریں پھیلنے کے بعد مرکزی وزیر اور سابق اداکارہ سمرتی ایرانی بھی پریشان دکھائی دیں اور انہوں نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے عوام سے اپیل کی کہ وہ لیجنڈری گلوکارہ کے حوالے سے افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔سمرتی ایرانی نے لتا منگیشکر کے اہل خانہ کی جانب سے اسپتال کی ڈاکٹر کی جانب سے بھیجے گئے پیغام کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔ڈاکٹر کے پیغام کے مطابق اگرچہ تاحال لتا منگیشکر انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہیں، تاہم ان کی طبیعت میں بہتری آنا شروع ہوئی ہے۔مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے لوگوں سے لتا منگیشکر کے حوالے سے افواہیں نہ پھیلانے سمیت ان کی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔اسپتال اور لتا منگیشکر کے خاندانی ذرائع کے مطابق زائد العمری کی وجہ سے لتا منگیشر کی حالت میں بہتری سست روی کا شکار ہے، تاہم وہ پہلے سے کافی بہتر ہے۔اس سے قبل گزشتہ روز لتا منگیشکر کے ترجمان نے ان کی صحت کے حوالے سے پھیلنے والی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی خبروں میں کوئی سچائی نہیں کہ گلوکارہ کی حالت مزید خراب ہوگئی۔ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ لتا منگیشکر نے دو دن قبل ہی دو ہفتوں کے بعد کھانا پینا شروع کیا ہے، تاہم تاحال انہیں آئی سی یو میں ہی رکھا گیا ہے اور انہیں مزید کچھ وقت ہے لیے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ہی رکھا جائے گا۔یاد رہے کہ لتا منگیشکر کو 8 جنوری کو ’نمونیا‘ بخار اور کورونا ہونے کے بعد ممبئی کے نجی اسپتال داخل کرایا گیا تھا۔زائد العمری کی وجہ سے پہلے ہی ڈاکٹرز نے کہا تھا کہ لیجنڈری گلوکارہ کو کئی دن میں آئی سی یو میں رکھا جائے گا، کیوں کہ ’نمونیا‘ نے انہیں شدید متاثر کیا ہے۔