اتحاد پشاور نے لوڈشیڈنگ کیخلاف جی ٹی روڈ بندش کا اعلان کردیا

January 24, 2022

پشاور( وقائع نگار)ارمڑ اتحاد پشاور نے سوئی گیس اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ کی بندش کا اعلان کرتے ہوئے احتجاجی تحریک چلانے کا عندیہ دیا ہے ارمڑ اتحاد کے رہنمائوں ایوب ارمڑ ، ملک نوشاد، ملک وحید برکی اور سابق ناظم نوید ارمڑ نے کہا کہ ارمڑ پایاں ، ارمڑ بالا اور ارمڑ میانہ میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بجلی بھی غائب ہے جس نے مکینوں کی زندگی مفلوج کر رکھی ہے ہر ماہ باقاعدگی کے ساتھ لوگوں سے بلز وصول کیے جارہے ہیں لیکن اس کے باوجود بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے امورخانہ نمٹانے میں خواتین کوشدیدمشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے اورروزگاربھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے سردیوں کا آغاز ہوتے ہی مذکورہ علاقوں میںسوئی گیس مکمل طورپرغائب ہوجاتی ہے انہوں نے کہا کہ موسم سرمامیں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کاجینامحال کردیاہے اور علاقے کے لوگوں میں صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے انہوں نے واپڈا حکام ، منیجرسوئی نادردن گیس اورخیبرپختونخواحکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ ارمڑ پایاں ، ارمڑ میانہ اور ارمڑ بالا میں سوئی گیس کی جاری ظالمانہ لوڈشیڈنگ کافوری نوٹس لیں اور گیس لوڈشیڈنگ خاتمے سے متعلق کیا گیا وعدہ پورا کرے بصورت دیگرآئندہ ہفتے سے رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ سمیت بی آر ٹی سروس کوبند کرینگے۔