• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں کلینیکل ریسرچ کو مضبوط بنانے کیلئے سالانہ سمپوزیم کا انعقاد

پشاور(جنگ نیوز) رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ (آر ایم آئی) کے کلینیکل ٹرائلز یونٹ کے زیرِ اہتمام پاکستان میں کلینیکل ریسرچ کو مضبوط بنانے کیلئے سالانہ سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔ سمپوزیم میں ملک بھر سے ماہرینِ صحت، محققین،ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی(ڈریپ) اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری سے وابستہ نمائندگان نے شرکت کی۔سمپوزیم میں معیاری کلینیکل ٹرائلز کے فروغ، تحقیق کی صلاحیت میں اضافے، ریگولیٹری امور کی بہتری اور مریضوں کے حقوق اور تحفظ جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ شفاف، اخلاقی اور بین الاقوامی معیار کی تحقیق سے پاکستان میں کلینیکل ریسرچ پر عالمی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔اس سمپوزیم میں شرکاء نے اپنے تجربات اور آرا کا تبادلہ کیا اور تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پرسی ای او آر ایم آئی شفیق الرحمان، ڈائریکٹر ریسرچ و سی ٹی یو پروفیسر ڈاکٹر نائلہ ارم ہادی سمیت مختلف قومی و بین الاقوامی اداروں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت، خلیق الرحمٰن کا کہنا تھا کہ کلینیکل ریسرچ جدید علاج اور بہتر صحت کے نظام کیلئے نہایت اہم ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ایسے علمی سرگرمیوں سے طبی تحقیق کو فروغ ملتا ہے اور نوجوان محققین کی رہنمائی ہوتی ہے۔سمپوزیم کا مقصد پاکستان میں کلینیکل ریسرچ کے معیار کو بہتر بنانا، قومی سطح پر تحقیق کی صلاحیت کو مضبوط کرنا اور عالمی معیار کے مطابق کلینیکل ٹرائلز کو فروغ دینا تھا۔
پشاور سے مزید