پشاور(جنگ نیوز)سیکرٹری ثقافت و سیاحت خیبر پختون خوا سعادت حسن نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کےوژن اور چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبے بھر میں سیاحت کے فروغ دیا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ ملک اور بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کوہر ممکن سہولتوں کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے جس کے پیش نظر شمالی علاقوں کی اتھارٹیز شبانہ روز خدمات انجام دے رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفت گو میں کیا۔ سیکرٹری ثقافت و سیاحت نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریاں دیکھیں، فرینڈ شپ وال پر دست خط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ سعادت حسن کا کہنا تھا کہ محکمہ ثقافت اور سیاحت صوبے میں سیاحت کی ترقی ا ور ثقافت کے فروغ سمیت گندھارا تہذیب کو دنیا بھر میں روشناس کروانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس 8 ہزار سے زائد غیر ملکی سیاحوں نے شمالی علاقوں کا دورہ کیا جو حوصلہ افزاء ہے اسی طرح ملک بھر سے لاکھوں سیاح باقاعدگی کے ساتھ خیبر پختون خو اآ رہے ہیں۔سیکرٹری ثقافت نے پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی روابط میں اپنا حصہ ڈالنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے جس کی مثالیں دنیا بھر میں دی جاتی ہیں اور صوبائی حکومت سیاحت و ثقافت کے شعبوں میں چین کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے چین اور خیبر پختون خوا کے درمیان ثقافتی وفود کے تبادلوں کی تجویز پیش کی اور کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی مزید مستحکم ہو گی۔