پشاور ( نیوز رپورٹر) خیبرپختونخوا میں نہروں کی بھل صفائی کا عمل 15 جنوری سے شروع ہوگا جبکہ تاریخ میں پہلی بار نہروں کی صفائی کے عمل کی نوجوان انجنیئرز کی مدد سے نگرانی کی جائے گی۔ انجینئرز کو نہروں کی صفائی کے لئے باقاعدہ ایپلی کیشن تیار کی گئی ہے جس کی مدد سے وہ نہروں کی صفائی کے عمل کے مختلف 4 مراحل کو مانیٹر کرتے ہوئے ریکارڈ کرینگے۔ ہر انجنئیرز کو باقاعدہ نہر کا ایک خاص حصہ مانیٹر کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت سیکرٹری محکمہ آبپاشی عبدالباسط نے کی کی جبکہ ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن اور ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل بھی شریک ہوئے۔ اس ضمن میں متعلقہ افسران کو بھل صفائی مہم کی نگرانی کیلئے خصوصی ایپلیکیشن کی تربیت بھی دی گئی جسکا مقصد ان انجنیئرز کو نہروں کی صفائی کے عمل کو بہتر طریقے سےمانیٹر کرنے اور ان کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ آن لائن تربیت کے سیشن کے دوران سیکرٹری آبپاشی عبدالباسط نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار شفافیت اور بہتر صفائی کے لئے نہروں کی صفائی کے عمل کو ڈیجیٹل طریقے سے مانیٹر کیا جائے گا۔ اس مانیٹرنگ کے دوران صفائی کے عمل کی کڑی نظر رکھی جائے گی۔ یہ نگرانی نہ صرف محکمہ آبپاشی اہلکار بلکہ یہ انجینئرز بھی کرینگے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غلفت کی بروقت نشاندہی کی جائے گی۔ عبدالباسط کے مطابق یہ اقدام وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے ویژن کے مطابق اٹھایا گیا ہے تاکہ نہروں کی صفائی کے لیے مختص کروڑوں روپے کا فنڈز صحیح معنوں میں نہروں کی صفائی پر استعمال ہوں۔