آئین کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، خواجہ آصف

January 24, 2022

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آئین کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،چاہتے ہیں ملک میں ووٹ کی عزت بحال ہو۔

پشاور کے باچا خان مرکز میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی سے بھائیوں جیسا رشتہ ہونے کا اعتراف کیا۔

انہوں نے کہا کہ جتنی قربانیاں اے این پی نے دی ہیں، شاید ہی کسی اور پارٹی نے دی ہوں، خدائی خدمت گاروں کا فلسفہ اور خدمات کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ خدائی خدمت گاروں نے دہائیوں سے قربانیاں دی ہیں، خدائی خدمت گاروں سے تعلق پر فخر ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں آمروں کے دور میں 35 سال صدارتی نظام رائج رہا، چاہتے ہیں کہ ملک میں ووٹ کی عزت بحال ہو۔

سابق وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ آئین کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ملک میں کوئی آئین کے تحت تو کوئی آئین سے بالاتر ہو کر سیاست کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے آئینی اختیارات کے اندر رہ کر کام کریں۔

خواجہ محمد آصف نے یہ بھی کہا کہ سیاسی ورکرز نے جب بھی ملک کی حکمرانی سنبھالی تو سوچ میں فرق آیا، خدمت اور اچھی کارکردگی پر ن لیگ نے مشرف دور میں بھی پنجاب میں نشستیں جیتیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ 35 سال ہوگئے لاہور والے میاں برادران کی خدمت نہیں بھولے، خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی نتائج کا ری پلے ہوگا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بی آر ٹی، مالم جبہ اسکینڈل سمیت دیگر منصوبوں میں صرف لوٹ مار ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک اس لئے ٹوٹا کیوں کے ہم ان کو حق نہیں دے رہے تھے، ملک کے چار صوبے جو رہ گئے ہیں انہیں ان کا حق دیا جائے۔