پاکستان کا نام دنیا میں روشن، شاہین سال کے بہترین کرکٹر، بابر ون ڈے پلیئر قرار

January 25, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو سال کا بہترین کرکٹر قرار دیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی آئی سی سی کی جانب سے سرگارفیلڈ سوبرز ایوارڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بھی بن گئے۔ کپتان بابر اعظم کو سال کا بہترین ون ڈے کرکٹر منتخب کیا گیا ۔ شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان کے لیے اچھی پرفارمنس دوں اور آگے بھی میری یہ کوشش جاری رہے گی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف فتح سب سے یادگار رہے گی۔ سال میرے لیے بہت اچھا رہا ، امید ہے 2022 میں بھی آپ اچھی پرفارمنس دیکھیں گے۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ پہلے تو اپنے مداحوں کی جانب سے حمایت اور پسندیدگی پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں اور اس کے علاوہ آئی سی سی، پی سی بی اور خصوصی طور پر پاکستان ٹیم کے شکرگزار ہیں۔ میں اپنے والدین کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنھوں نے میرے لیے کافی دعا کی ۔ سال کی بہترین اننگز کے بارے میں بابر اعظم نے کہا کہ وہ انگلینڈ والی تھی۔شاہین آفریدی کے انتخاب کے بعد 2021 میں آئی سی سی ایوارڈ جیتنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی تعداد چار ہوگئی ہے۔ انگلینڈ کے جوروٹ نے سال کے بہترین ٹیسٹ کرکٹر کا ایوارڈ جیتا۔ 2004 میں آئی سی سی ایوارڈز کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی کرکٹر نے مجموعی طور پر بہترین کرکٹر یا بہترین ون ڈے کرکٹر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ شاہین آفریدی کا مقابلہ انگلش کپتان جو روٹ، محمد رضوان اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن سے تھا۔ بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی جیت لیا۔ بابر اعظم نے گزشتہ سال 6 میچز میں 67.50 کی اوسط سے405 رنز بنائے، دو سنچریز بھی شامل تھیں۔ شاہین شاہ نے 36 میچوں میں 78 شکار کیے، ان کی بہترین انفرادی بولنگ 51 رنز کے بدلے 6 وکٹ تھیں۔ قبل ازیں محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی پلئیر آف دی ایئر ، بابر اعظم ون ڈے پلیئر اور پاکستانی کی ویمن کرکٹر فاطمہ ثنا نے ایمرجنگ کرکٹر کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ بھارت کی سمریتی مندھنا آئی سی سی ویمنز کرکٹر آف دی ائیر قرارپائیں۔ جنوبی افریقا کی کی لیزلی لی آئی سی سی ویمنز ون ڈے کرکٹر آف دی ائیر کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ مرائس ایراسمس آئی سی سی امپائر آف دی ائیر قرار پائے۔