شعیب اختر کے تبصرے پر انوشکا شرما کے مداح برہم

January 25, 2022

شعیب اختر کے تبصرے پر انوشکا شرما کے مداح برہم

سابق پاکستانی فاسٹ بالر شعیب اختر کے ویرات کوہلی کی پرفارمنس کے بارے میں کیے گئے تبصرے پر انوشکا شرما کے مداح برہم ہوگئے ہیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں، شعیب اختر نے ویرات کوہلی کے بارے میں کہا تھا کہاُنہیں اپنے کیریئر کے بعد شادی کرنی چاہیے تھی تاکہ وہ کرکٹ میں اپنے عروج کےچند سال کے دوران زیادہ سے زیادہ پرفارم کر سکتے۔

انوشکا شرما کے ایک مداح نے شعیب اختر کےاس تبصرے پر کہا کہ’ برائے مہربانی کسی کی فیملی کو اس کی پیشہ ورانہ زندگی میں نہ گھسیٹیں‘۔

ایک اور مداح نے کہا کہ’سچن کو شادی کرنے، بچے پیدا کرنے اورساتھ رنز اور ریکارڈ بنانے میں کوئی پریشانی نہیں تھی‘۔

جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ’اس کی سمجھ میں نہیں آتا کہ کرکٹ میں مسلسل خراب کارکردگی کا ذمہ دار کسی کی ذاتی زندگی کو کیوں ٹھہرایا جاتا ہے؟‘

خیال رہے کہ شعیب اختر نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں ویرات کوہلی کے بارے میں کہا تھا کہ’وہ اگر ویرات کی جگہ ہوتے تو زندگی کے اس اہم وقت میں شادی نہیں کرتے کیونکہ کرکٹ کے یہ 10-12 سال مختلف وقت ہیں اور دوبارہ نہیں آتے

اُن کا مزید کہنا تھا کہ’وہ یہ نہیں کہہ رہے کہ شادی کرنا غلط ہے لیکن اگر آپ انڈیا کے لیے کھیل رہے ہوتے تو آپ کو اس وقت کھیلنے کا تھوڑا مزہ آتا‘۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ’بچوں کا، خاندان کا انسان پر ایک دباؤ ہوتا ہے، جیسے جیسے ذمہ داری بڑھتی ہے یہ دباؤ بھی بڑھتا ہے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’کرکٹرز کے کیریئر کا دورانیہ 14-15 سال کا ہوتا ہے جس میں آپ پانچ سے چھ سال تک اپنے عروج پر رہتے ہیں اور ویرات کے کیریئر کے وہ پانچ سال گزر چکے ہیں، اب انہیں مزید جدوجہد کرنی ہے‘۔