پاکستان کیساتھ قیدیوں کا تبادلہ، سعودی کابینہ نے معاہدے کی منظوری دیدی

January 26, 2022

ریاض (شاہدنعیم) سعودی کابینہ نے عالمی جہاز رانی، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی پھر مذمت کی ہے۔ کابینہ نے اجلاس میں متعدد فیصلے کیے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے، جرائم کے انسداد کے سلسلے میں تعاون کے معاہدے، نشہ آور اشیا کے غیر قانونی کاروبار کے انسداد میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کے مسودوں کی منظوری دی گئی ہے۔کورونا وبا کے بعد پہلی مرتبہ کابینہ کے باقاعدہ اجلاس میں شرکت کی گئی ، کابینہ کے اجلاس میں ’بحیرہ احمر میں عالمی جہاز رانی کی گزر گاہوں، امارات اور مملکت کی اہم تنصیبات، شہری اداروں اور شہریوں پر حوثی دہشت گردوں کے حملوں کو مسترد کردیا اور ان پر شدید برہمی کا اظہار کیا کیا گیا ہے‘۔ کابینہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ’عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کی خاطر حوثیوں کی جارحانہ سرگرمیوں کو روکنے کے لیے حرکت میں آنا ہوگا‘۔ کابینہ کو جنوبی سوڈان کے صدر کے شاہ سلمان کے نام مکتوب، مملکت اور متعدد ممالک کے درمیان ملاقاتوں، مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کیا گیا۔